نئی دہلی، 11؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے حکومت سنت کبیر کی یادگار بنانے پر غور کر رہی ہے تاکہ یہ اس کے ذریعہ اس عظیم شاعر کے شاگردوں کواپنی جانب متوجہ کیا جا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ یہ اسمارک وارانسی میں کبیر چوراہے یا مگہر میں بنایا جا سکتا ہے۔مگہر میں سنت کبیر کی آخری رسومات اداکی گئی تھی۔ذرائع نے کہا کہ 15ویں صدی کے اس شاعر کو لے کر اتر پردیش میں کئی مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔حکومت کی جانب سے میموریل کی تعمیر کے بارے میں یہ خیال اس وقت پیش کیا گیا ہے جب حال ہی میں سنت کبیر نگر سے بی جے پی کے ایم پی شرد ترپاٹھی نے کچھ دنوں پہلے مرکزی وزیر ثقافت مہیش شرما سے ملاقات کی تھی۔مگہر سنت کبیر نگر پارلیمانی علاقے میں پڑتا ہے۔ذرائع کے مطابق ترپاٹھی نے سنت کبیر کے میموریل کی تعمیر کو لے کر تجویز پیش کی اور اس کے لیے حکومت سے 80کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ترپاٹھی نے تجویز دی ہے کہ میموریل پر ہر شام خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جائے اور ان کے نام پر ایک ریلوے اسٹیشن کا نام رکھا جائے۔ذرائع نے کہا کہ میموریل کی تعمیر کا کام جلد شروع ہو جائے گا اور یہ کام جنگی پیمانے پر کیا جائے گا تاکہ الیکشن سے پہلے اس قدم کا واضح اشارہ نظر آنے لگے ۔ثقافت کی وزارت کے پاس راجستھان، ہریانہ اور بہار جیسی ریاستوں سے بھی تجاویز آئی ہیں جہاں سے سنت کبیر کا کسی نہ کسی طرح کا تعلق رہا ہے ۔